المیے قدرتی نہیں ہوتے، بنائے جاتے ہیں !
آزاد کشمیر میں حقوق کی عوامی تحریک المیہ کیسے بن گئی
قیصر خان
امریکہ میں اپنی ماسٹرز کی تعلیم کے دوران مجھے سیاسی ماحولیات (Political Ecology) کا مطالعہ کرنے کا موقع ملا۔ اس مضمون کا پہلا سبق یہ تھا کہ دنیا میں قدرتی آفت نامی کوئی چیز نہیں ہوتی۔ فطرت میں کوئی آفت نہیں ہوتی، بلکہ کسی قدرتی مظہر کے ساتھ انسانوں کا طرزِ عمل اسے یا تو ایک تباہی میں بدل دیتا ہے یا ترقی اور بہتری کے ایک موقع میں۔
یہی اصول سیاسی تنازعات پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ کنفلٹ بذاتِ خود ایک کیفیت یا انسانی معاشرت کا حصہ ہے۔
اس کے ساتھ ہمارا رویہ اور اسے حل کرنے کا طریقۂ کار طے کرتا ہے کہ اس سے کوئی مثبت اور تعمیری نتیجہ برآمد ہوگا یا وہ ایک تباہی کی شکل اختیار کر لے گا۔
آج ہم آزاد کشمیر میں جس صورتِ حال کا مشاہدہ کر رہے ہیں، وہ ایک ایسا بحران ہے، جسے اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے لوگوں نے اپنے طرزِ عمل سے جنم دیا ہے۔ جو لوگ اس بنیادی تصور کو سمجھنے سے قاصر ہیں، وہ یا تو خود حکمرانوں کے غمخوار ہیں یا پرلے درجے کے منافق۔
حقِ حکمرانی اور حقِ ملکیت کی تحریک بنیادی طور پر حقِ خودارادیت کے اسی تصور سے ہم آہنگ ہے، جس کے حوالے سے ریاستِ پاکستان کی کشمیر پر ہمیشہ ایک واضح پوزیشن رہی ہے۔ سات دہائیوں سے قائم اس اصولی اتفاقِ رائے کو گزشتہ پانچ ماہ میں مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔
جب آپ سینکڑوں لوگوں، جن میں اکثریت نوجوانوں کی ہو، کو قتل کرتے ہیں، جب آپ لوگوں کے گھروں میں گھس کر فرنیچر توڑتے ہیں، خواتین کی بے حرمتی کرتے ہیں، بچوں کو ذہنی اذیت اور خوف میں مبتلا کرتے ہیں، دکانیں لوٹتے ہیں، لوگوں کے گھروں پر ڈرونز اور راکٹ برساتے ہیں، دس لاکھ سے زائد آبادی کو پانچ ماہ سے زیادہ عرصے تک محاصرے میں رکھتے ہیں، ایک بے بس آبادی سے اپنے تکبر کے سامنے سر جھکانے کا مطالبہ کرتے ہیں اور سینکڑوں افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کرتے ہیں، تو دراصل آپ ایک ایسی تحریک کو ممکنہ تباہی میں تبدیل کر رہے ہوتے ہیں جسے پورے آزاد کشمیر کے لیے ترقی اور خوش حالی کے ایک بڑے موقع میں بدلا جا سکتا تھا۔
آج ہم آزاد کشمیر میں جس صورتِ حال کا مشاہدہ کر رہے ہیں، وہ ایک ایسا بحران ہے، جسے اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے لوگوں نے اپنے طرزِ عمل سے جنم دیا ہے۔
سارا معاملہ صرف اتنا تھا کہ آزاد کشمیر کے لوگوں کو ان کی حقیقی شناخت، حیثیت اور سیاسی حقوق کے ساتھ تسلیم کیا جاتا۔ لیکن مونگ پھلی ذہن رکھنے والے جرنیلوں اور ان کے قصیدہ خوانوں نے اس کے برعکس راستہ اختیار کیا۔
اس مرحلے پر ہمیں ریاستِ پاکستان سے کوئی توقع باقی نہیں رہی۔ ہم یہ بھی بخوبی جانتے ہیں کہ وہ اپنے شروع کیے ہوئے اس عمل کو انجام تک پہنچانے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ مزید سینکڑوں جانیں لینے سے اگر کوئی چیز انہیں روک رہی ہے تو وہ صرف یہ احساس ہے کہ اس سے بھی مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے۔ اب وہ شاید اس امید پر بیٹھے ہیں کہ برف باری، بارش، بھوک اور ادویات کی قلت بالآخر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دے گی۔
ہر گزرتا ہوا دن، جس میں حکمران روتی ہوئی ماؤں کی چیخوں اور خوف زدہ بچوں کے کرب کو سننے سے انکار کرتے ہیں، دراصل اس نفرت اور بے چینی کی آبیاری کر رہا ہے جس کے بیج انہوں نے خود بوئے ہیں۔ ایک لحاظ سے اب معاملہ صرف ہمارے حال کا نہیں رہا، کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارا حال تباہ ہو چکا ہے۔ اب سوال ہمارے مستقبل کا ہے۔
اس موقع پر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے یہ غور کرنے کی استدعا ضروری ہے کہ کیا انہیں اس بات کا ادراک ہے کہ آنے والے چند ہفتوں میں جو کچھ ہوگا، وہ اگلی تین دہائیوں کے آزاد کشمیر کی سمت متعین کر سکتا ہے؟ یا وہ بھی موجودہ حالات کی شدت اور دباؤ میں اس بنیادی سوال پر غور کرنے سے قاصر ہیں؟
ہمیں اس پر سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔ ایک بات یقینی ہے کہ آج جو نسل پروان چڑھ رہی ہے وہ ہم سے زیادہ مشتعل، برہم اور تصادم پسند ہو سکتی ہے۔ سوال صرف یہ ہے کہ کیا ہم انہیں سیاسی جدوجہد اور اپنے حقوق کے حصول کا کوئی راستہ دے کر جائیں گے، یا انہیں بھی اس روش کے حوالے کر دیں گے جسے ۱۹۸۹ میں وادیِ کشمیر نے اپنایا تھا۔
بقول فیض:
پندار جنوں
حوصلہ ء راہ عدم ہے کہ نہیں ہے

Comments (0)