مواد پر جائیں

یاسین ملک کا مقدمہ: نیا قانونی موڑ اور عالمی ضمیر کے لیے سوال

یاسین ملک نے الزامات مسترد کرتے ہوئے سرینگر عدالت میں مقدمے کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے وکیل نے دستبرداری کی درخواست دے دی۔ اس غیر معمولی قانونی موڑ کے حقائق جانیے۔

خلاصہ

یاسین ملک نے الزامات مسترد کرتے ہوئے سرینگر عدالت میں مقدمے کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کے وکیل نے دستبرداری کی درخواست دے دی۔ اس غیر معمولی قانونی موڑ کے حقائق جانیے۔

Summary in English

Rejecting the charges, Yasin Malik decided not to contest the case in the Srinagar court. His lawyer filed a withdrawal application. Learn the facts behind this unusual legal twist.

یاسین ملک کا مقدمہ: نیا قانونی موڑ اور عالمی ضمیر کے لیے سوال

سری نگر کی خصوصی عدالت میں یاسین ملک کے خلاف زیرِ سماعت مقدمہ 19 ستمبر 2026 کو ایک نئے اور غیر معمولی قانونی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ ان کے وکیل ایڈووکیٹ ابو عادل پنڈت نے عدالت میں باضابطہ درخواست دائر کرتے ہوئے اس مخصوص مقدمے میں اپنا وکالت نامہ واپس لینے اور یاسین ملک کی مزید نمائندگی سے الگ ہونے کی اجازت طلب کی ہے۔

لیکن اس پیش رفت کو سمجھنے سے پہلے ایک بنیادی بات واضح کرنا ضروری ہے کہ وکیل کی جانب سے مقدمے سے الگ ہونے کی اجازت طلب کرنا ابھی عدالتی فیصلہ نہیں ہے۔ اب عدالت کو فیصلہ کرنا ہے کہ وکیل کو اس مقدمے سے الگ ہونے کی اجازت دی جاتی ہے یا نہیں۔

یہ درخواست یاسین ملک کی اپنی ہدایات اور عدالت میں جمع کرائی گئی 25 صفحات پر مشتمل تحریری عرضداشت کے بعد سامنے آئی ہے۔ یاسین ملک نے اس عرضداشت میں سرلا بھٹ قتل کے الزام میں اپنے ملوث ہونے سے انکار کیا اور الزامات کو مسترد کیا، تاہم ساتھ ہی یہ موقف اختیار کیا کہ وہ اس مقدمے کی مزید پیروی نہیں کریں گے۔

یہاں ایک نہایت اہم قانونی اور سیاسی فرق موجود ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ وہ یہ کہ مقدمے کی مزید پیروی نہ کرنا جرم کا اعتراف نہیں ہوتا۔

یاسین ملک نے خود اپنی تحریری عرضداشت میں واضح کیا ہے کہ ان کے اس فیصلے کو جرم کا اعتراف، استغاثہ کے الزامات کی قبولیت یا کسی بیانِ حقیقت کا اقرار نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے۔لہٰذا اس مرحلے پر یہ کہنا کہ یاسین ملک نے جرم تسلیم کر لیا ہے، ان کے اپنے بیان کردہ مؤقف کو  بیان نہیں کرتا۔

دوسری اہم بات یہ ہے کہ ایڈووکیٹ ابو عادل پنڈت کی موجودہ درخواست کو یاسین ملک کے تمام مقدمات سے دستبرداری سمجھنا بھی درست نہیں ہوگا۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق یہ درخواست سری نگر میں زیرِ سماعت اسی مخصوص مقدمے تک محدود ہے۔ دیگر مقدمات، جن میں جموں کی ٹاڈا عدالت میں زیرِ سماعت مقدمات بھی شامل ہیں، ان میں وکیل کی نمائندگی جاری رہنے کی بات سامنے آئی ہے۔اب اصل سوال یہ ہے کہ یاسین ملک نے اس مقدمے کی مزید پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیوں کیا؟

کیا یہ ان کی قانونی حکمتِ عملی ہے؟ کیا یہ ایک سیاسی مؤقف کا اظہار ہے؟  کیا یہ مزاحمت کا نیا طریق کار یا انداز ہے ؟کیا وہ بھارتی عدالتی نظام کے بارے میں اپنے دیرینہ اعتراضات کی بنیاد پر اس راستے کا انتخاب کر رہے ہیں؟ یا اس کے پیچھے کوئی اور قانونی وجہ ہے؟

ان سوالات کا حتمی جواب قیاس آرائی سے نہیں بلکہ یاسین ملک کی مکمل تحریری عرضداشت، عدالتی ریکارڈ اور آئندہ ہونے والی کارروائی سے ہی سامنے آ سکتا ہے۔لیکن اس مقام پر ایک اور سوال پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو جاتا ہے۔ کہ اگر یاسین ملک نے مقدمے کی مزید پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو کیا دنیا خاموش تماشائی بنی رہے؟

یہاں معاملہ صرف ایک فرد کے مقدمے کا نہیں رہتا بلکہ انسانی حقوق، منصفانہ عدالتی عمل اور سیاسی تنازعات میں گرفتار افراد کے بنیادی حقوق کا سوال بھی بن جاتا ہے۔

یاسین ملک کے سیاسی نظریے سے کسی کو اتفاق ہو یا اختلاف، ان کی سیاسی سرگرمیوں سے کوئی متفق ہو یا اختلاف رکھتا ہو، انسانی حقوق کے بنیادی اصول کسی سیاسی نظریے کے تابع نہیں ہونے چاہئیں۔

یاسین ملک کے سیاسی نظریے سے کسی کو اتفاق ہو یا اختلاف، ان کی سیاسی سرگرمیوں سے کوئی متفق ہو یا اختلاف رکھتا ہو، انسانی حقوق کے بنیادی اصول کسی سیاسی نظریے کے تابع نہیں ہونے چاہئیں۔

اسی لیے حکومتِ برطانیہ، یورپی حکومتوں، یورپی یونین، اقوام متحدہ کے متعلقہ انسانی حقوق کے اداروں، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور دیگر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے یہ مطالبہ کیا جا سکتا ہے کہ وہ یاسین ملک کے مقدمے اور ان کی مجموعی قانونی صورتحال پر توجہ دیں۔یہ مطالبہ کسی عدالت پر اثرانداز ہونے یا کسی مخصوص عدالتی فیصلے کا حکم دینے کے لیے نہیں ہونا چاہیے۔مطالبہ یہ ہونا چاہیے کہ یاسین ملک کو شفاف، منصفانہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے معیار کے مطابق عدالتی عمل میسر ہو۔انہیں مؤثر قانونی نمائندگی اور دفاع کا حق حاصل ہو۔ان کے خلاف پیش کیے جانے والے شواہد اور قانونی کارروائی کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے۔ان کی قید کے دوران انسانی وقار، صحت اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔اور اگر ان کے مقدمے یا حراست کے حوالے سے منصفانہ سماعت یا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے سوالات موجود ہیں تو متعلقہ بین الاقوامی ادارے ان کا آزادانہ جائزہ لیں۔

یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کا اصول یہی ہے کہ کسی شخص کے سیاسی خیالات یا وابستگی سے اس کے بنیادی قانونی حقوق ختم نہیں ہو جاتے۔

یاسین ملک کشمیر کی آزادی کے ایک مخصوص سیاسی مؤقف کے نمایاں ترین چہروں میں شمار ہوتے  ہیں۔ ان کے سیاسی مؤقف پر اختلاف کیا جا سکتا ہے، ان کی حکمتِ عملی پر سوال اٹھائے جا سکتے ہیں، لیکن ایک جمہوری اور انسانی حقوق کے نقطۂ نظر سے بنیادی سوال یہ رہتا ہے کہ کیا کسی سیاسی قیدی یا ملزم کو بھی وہی منصفانہ قانونی ضمانتیں حاصل ہیں جو عالمی انسانی حقوق کے اصول ہر انسان کے لیے تسلیم کرتے ہیں؟یہ سوال صرف بھارت سے نہیں بلکہ عالمی برادری سے بھی ہے۔

اگر انسانی حقوق واقعی عالمگیر ہیں تو ان کا اطلاق دوست اور مخالف، ریاستی اہلکار اور ریاست مخالف سیاسی کارکن، اکثریت اور اقلیت سب پر یکساں ہونا چاہیے۔

سرلا بھٹ قتل ایک سنگین مقدمہ ہے اور کسی بھی قتل کے متاثرین اور ان کے خاندانوں کو انصاف ملنا ضروری ہے۔ لیکن انصاف کا تقاضا یہ بھی ہے کہ جس شخص پر الزام عائد کیا گیا ہے، اس کے خلاف قانونی کارروائی شفاف، منصفانہ اور قابلِ اعتماد شواہد اور قانونی اصولوں کے مطابق ہو۔یہ دونوں اصول ایک دوسرے کے متضاد نہیں ہیں۔متاثرہ خاندان کے لیے انصاف بھی ضروری ہے اور ملزم کے لیے منصفانہ سماعت بھی۔اسی لیے آج یاسین ملک کے معاملے کو محض اس سوال تک محدود کرنا کہ ’’وہ مقدمہ کیوں نہیں لڑ رہے؟‘‘ شاید کافی نہیں۔

اصل سوال یہ بھی ہے کہ وہ ایسا کیوں کر رہے ہیں، ان کی 25 صفحات پر مشتمل عرضداشت میں کیا مؤقف اختیار کیا گیا ہے، وکیل نے صرف اسی مقدمے سے الگ ہونے کی اجازت کیوں مانگی ہے، اور عدالت اس درخواست پر کیا فیصلہ کرتی ہے۔اور اس سے بھی آگے ایک بڑا سوال عالمی برادری کے سامنے کھڑا ہے:

کیا بین الاقوامی انسانی حقوق کے ادارے یاسین ملک کے معاملے میں صرف اس وقت آواز اٹھائیں گے جب کوئی حتمی فیصلہ سامنے آ جائے گا، یا وہ اس سے پہلے بھی منصفانہ عدالتی عمل اور انسانی حقوق کے تحفظ کی ضمانت کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے؟

یاسین ملک کے مقدمے میں آج ایک نیا قانونی موڑ آیا ہے۔وکیل نے عدالت سے الگ ہونے کی اجازت مانگ لی ہے۔یاسین ملک نے مقدمے کی مزید پیروی نہ کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔لیکن انہوں نے جرم تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔اور عدالت نے ابھی اپنا فیصلہ نہیں دیا۔اس لیے اب نظریں صرف سری نگر کی عدالت پر نہیں بلکہ عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور جمہوری حکومتوں پر بھی ہیں۔کیونکہ انصاف صرف فیصلہ سنانے کا نام نہیں۔انصاف یہ بھی ہے کہ فیصلہ ہونے تک ہر انسان کے بنیادی حقوق محفوظ رہیں۔

تبصرے (0)

تبصرہ کریں