مواد پر جائیں

آزاد کشمیر

حقوق کی تحریک: مزاحمت، حکمتِ عملی اور انسانی جانوں کا سوال

اندھے مقلدین اور گالم گلوچ برگیڈ کو دعوت  فکر دیتی ھوئی ایک تحریر

خلاصہ
Summary in English

After five months of intense protests in Azad Kashmir, the rights movement faces a critical turning point. Can leadership abandon dangerous confrontation and choose dialogue before more lives are lost?

حقوق کی تحریک: مزاحمت، حکمتِ عملی اور انسانی جانوں کا سوال

پاکستان کے زیرِ انتظام آزاد جموں و کشمیر میں گزشتہ پانچ ماہ سے عوامی حقوق کی تحریک جاری ہے۔ اس دوران بہت سے نشیب و فراز دیکھنے میں آئے۔ کئی چہرے بے نقاب ہوئے، کئی نقاب اترے اور بہت سی ایسی حقیقتیں سامنے آئیں جنہیں شاید ہم پہلے دیکھنے کے لیے تیار نہیں تھے۔ بعض لوگوں کے کردار کا امتحان ہوا، کچھ کی خاموشی معنی خیز ثابت ہوئی اور کچھ نے اصولوں کی ایسی تشریح کی کہ خود اصول بھی حیران رہ گئے۔

اس تمام صورتِ حال کو کسی ایک فریق کی غلطی یا ذمہ داری قرار دینا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہوگا۔ اصولی مؤقف یہی ہونا چاہیے کہ جو غلط ہے، اسے غلط کہا جائے اور جہاں تنقید ضروری ہو، وہاں بلاامتیاز کی جائے؛ خواہ معاملہ ایکشن کمیٹی کا ہو، پاکستان کے زیرِ انتظام آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کا یا پاکستان کے ریاستی اداروں کا۔

ہم اپنی گزشتہ تحریروں میں ریاستی پالیسیوں اور اقدامات پر کھل کر تنقید کرتے رہے ہیں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ایکشن کمیٹی کی حکمتِ عملی تنقید سے بالاتر ہے۔ عوامی مطالبات سے اتفاق کا مطلب یہ نہیں کہ ان کے حصول کے لیے اختیار کیے گئے ہر طریقۂ کار کی بھی تائید کی جائے۔ تحریک کی قیادت کے فیصلوں، ترجیحات اور احتجاجی حکمتِ عملی پر سنجیدہ سوالات اٹھانا بھی اتنا ہی ضروری ہے جتنا ریاستی اقدامات کا احتساب۔

پانچ ماہ کی مسلسل جدوجہد کے بعد اب تحریک کی قیادت کو بدلتے ہوئے سیاسی حالات، زمینی حقائق اور عوامی مفادات کا حقیقت پسندانہ اور سنجیدہ جائزہ لینا ہوگا۔ ریاست کے ساتھ براہِ راست تصادم نہ کوئی قابلِ عمل سیاسی حکمتِ عملی دکھائی دیتا ہے اور نہ ہی اس کے نتیجے میں عوام کے لیے کسی مثبت پیش رفت کا امکان نظر آتا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ قیادت اپنی موجودہ حکمتِ عملی پر نظرثانی کرے، حالات کی نزاکت کو سمجھے اور ضرورت پڑنے پر ایک قدم پیچھے ہٹنے کو بھی سیاسی دانش مندی اور حکمتِ عملی کا حصہ سمجھے۔

راقم نے اپنی 13 جون کی تحریر میں ہی ایکشن کمیٹی کو مشورہ دیا تھا کہ دھرنا ختم کرکے تحریک کو ایک منظم سیاسی جدوجہد میں تبدیل کیا جائے اور اس مقصد کے لیے ایک سیاسی جماعت قائم کی جائے۔ افسوس کہ اس تجویز پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ ٹھیک 90 روز بعد، 13 ستمبر کو، راقم نے ایک بار پھر یہی مشورہ دہرایا، مگر تب بھی اسے سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔

بلاشبہ، اب حالات بہت آگے نکل چکے ہیں، نقصان بھی ہو چکا ہے اور سیاسی و سماجی خلیج بھی گہری ہوئی ہے۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اب واپسی یا اصلاح کا کوئی راستہ باقی نہیں رہا۔ درست فیصلہ کرنے کے لیے کبھی دیر نہیں ہوتی۔ قیادت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ سیاسی تحریکوں کی کامیابی کا پیمانہ محض مزاحمت کی طوالت یا تصادم کی شدت نہیں، بلکہ اپنے لوگوں کے حقوق کا تحفظ، سیاسی شعور کی بیداری اور پائیدار تبدیلی کا حصول ہے۔

یہ تاثر بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ ۳۰ مئی کے بعد ریاستی رویے میں مکالمے کے بجائے انا، ضد اور طاقت کا عنصر غالب آتا چلا گیا۔ اگر ریاست ایک مرحلے پر تحریک کی آواز سننے اور مطالبات پر بات کرنے کے لیے آمادہ ہوئی تھی تو وہی راستہ دوبارہ کیوں اختیار نہیں کیا جا سکتا؟ کیا مذاکرات کا دروازہ بند کرنا کسی بھی فریق کے مفاد میں ہے؟

دوسری طرف، مزاحمتی قیادت سے بھی ایک سوال ہے: آخر کتنی قیمتی جانوں کے ضیاع کے بعد آپ اپنی حکمتِ عملی پر نظرثانی کریں گے؟ کیا کسی تحریک کی کامیابی کا پیمانہ صرف یہ ہے کہ وہ کتنی قربانیاں دے سکتی ہے، یا یہ بھی کہ وہ اپنے لوگوں کی زندگیاں محفوظ رکھتے ہوئے اپنے مقاصد کے حصول کا راستہ کیسے نکالتی ہے؟ قربانیوں کی اپنی اہمیت ہے، مگر انسانی جانوں کا تحفظ بھی کسی تحریک کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

اب آپ شاید کہیں گے کہ میں آپ کو ڈرا یا دھمکا رہا ہوں، تو ایسا ہرگز نہیں ہے۔ آپ کو ڈرانا ممکن ہی نہیں، کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ خوف اور ڈر آپ کے قریب سے بھی نہیں گزرتے۔ بلاشبہ، آپ نے مزاحمت کا چراغ بڑی دلیری، حوصلے اور استقامت کے ساتھ روشن رکھا ہے۔ لیکن یہ بھی یاد رکھیے کہ مزاحمت اور بے تدبیری کے درمیان فاصلہ بہت کم ہوتا ہے۔ ہر موقع پر ڈٹے رہنا بہادری نہیں ہوتا اور ہر قدم پیچھے ہٹانا کمزوری نہیں ہوتا۔ اصل سیاسی بصیرت یہ ہے کہ بدلتے ہوئے حالات اور زمینی حقائق کا ادراک کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا جائے کہ کب ثابت قدم رہنا ہے اور کب اپنی حکمتِ عملی تبدیل کرنی ہے۔

ہمیں اپنے لوگوں کو کھونے کا دکھ ہے  اور دکھ ھمارا سانجھا ھے۔ اور اس کرب کا بھی اندازہ ہے جو مسلسل جبر، خوف اور بے یقینی کے ماحول میں زندگی گزارنے سے جنم لیتا ہے۔ لیکن اس دکھ اور ہمدردی کے ساتھ چند مشکل سوالات اٹھانا بھی ضروری ہیں: مسلسل دھرنا جاری رکھنے سے اب تک کون سے مقاصد حاصل ہوئے ہیں؟ کیا موجودہ حالات میں اسی طرزِ احتجاج سے مزید کوئی مؤثر سیاسی پیش رفت ممکن ہے؟ اور سب سے بڑھ کر، کیا ہمیں مزید ڈاکٹر اسامہ جیسے نوجوانوں کی جانوں کی قربانی کا انتظار کرنا چاہیے؟

ہر موقع پر ڈٹے رہنا بہادری نہیں ہوتا اور ہر قدم پیچھے ہٹانا کمزوری نہیں ہوتا۔

کسی تحریک کی قیادت کا امتحان صرف لوگوں کو مزاحمت کے لیے متحرک کرنے میں نہیں، بلکہ انہیں محفوظ رکھتے ہوئے ان کے مقصد کو آگے بڑھانے میں بھی ہوتا ہے۔ قربانیوں کو جدوجہد کی طاقت بننا چاہیے، ان کے تسلسل کو ناگزیر سمجھ لینا نہیں۔

اگر قیادت یہ محسوس کرتی ہے کہ زمینی حقائق بدل چکے ہیں، تحریک کا سیاسی دباؤ کم ہو رہا ہے اور مؤثر سیاسی دباؤ ڈالنے کی گنجائش محدود ہوتی جا رہی ہے، جو کہ ایک کھلی حقیقت ھے۔ لیکن اگر ایکشن کمیٹی کی قیادت اس حقیقت کو سمجھ اور مان نھیں رھی تو آڀ مان لیں کہ آڀ اڀنی ھی بنائی ھوئی تصوراتی دینا میں مقید ھیں ۔

لیکن اگر آڀ کو اس حقیقت کا ادراک ھے تو کیا اب وقت نہیں آ گیا کہ حکمتِ عملی پر ازسرِنو غور کیا جائے؟ جو بھت ڀھلے ھی کر لینا چاھیے تھا۔ کیا جدوجہد کو ایک نئی سمت دے کر مزید انسانی جانیں بچانا زیادہ دانش مندی نہیں ہوگی؟ اور ایک اور لانگ مارچ کے نتیجے میں ۲۶ جولائی جیسے خود کشی جیسے اقدام سے  تحریک اور عوام دونوں کے لیے تباہ کن نھیں ھوں گے؟

دھرنا ختم کرنے یا اس کی صورت بدلنے کا فیصلہ یقیناً آسان نہیں۔ پانچ ماہ کی جدوجہد، قربانیوں اور عوامی وابستگی کے بعد پیچھے ہٹنا ایک مشکل سیاسی فیصلہ ہوگا۔ لیکن اگر اب بھی مزید انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں تو اس امکان کو نظرانداز کرنا دانش مندی نہیں۔ تحریک کی قیادت کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ اسی طرزِ عمل پر قائم رہنا ہے یا حالات کے مطابق حکمتِ عملی تبدیل کرنی ہے۔ یہ فیصلہ جذبات، ماضی کی قربانیوں یا سیاسی ضد کے بجائے سیاسی بصیرت، زمینی حقائق اور انسانی جانوں کے تحفظ کو سامنے رکھ کر ہونا چاہیے۔

احتجاج کے کئی طریقے ہوتے ہیں؛ دھرنا ان میں سے صرف ایک طریقہ ہے، کوئی حتمی سیاسی منزل یا اٹل اصول نہیں۔ اگر طویل دھرنے سے نظامِ زندگی متاثر ہو، عام شہریوں کی مشکلات بڑھیں اور انسانی جانوں کو مزید خطرات لاحق ہوں تو احتجاج کے طریقۂ کار پر نظرثانی ناگزیر ہو جاتی ہے۔ متبادل، مؤثر اور پُرامن راستے اختیار کیے جا سکتے ہیں۔ احتجاج کا مقصد زندگی کو بہتر بنانا ہے، اسے مزید مشکل بنانا نہیں۔ عوامی حمایت کسی بھی تحریک کا سب سے بڑا سرمایہ ہوتی ہے، اور اسے برقرار رکھنے کے لیے عوام کی روزمرہ زندگی اور مشکلات کو بھی پیشِ نظر رکھنا ضروری ہے۔

سیاست اور مزاحمت میں آگے بڑھنے کے لیے کبھی کبھی پیچھے ہٹنا پڑتا ہے۔ ہر مرحلے پر محاذ آرائی ضروری نہیں اور ہر پسپائی شکست نہیں ہوتی۔ بعض اوقات ایک قدم پیچھے ہٹنا نئی صف بندی، بہتر حکمتِ عملی اور زیادہ مؤثر جدوجہد کا راستہ کھولتا ہے۔ تحریکوں کی کامیابی صرف اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنے میں نہیں، بلکہ حالات کا درست ادراک کرتے ہوئے بروقت فیصلے کرنے اور اپنے مقصد کو وقتی طریقۂ کار پر ترجیح دینے میں بھی ہے۔

دھرنا ختم ہو سکتا ہے، احتجاج کی صورت بدل سکتی ہے اور جدوجہد کے طریقے تبدیل ہو سکتے ہیں، لیکن اس سے حقوق کی تحریک ختم ھوتی ۔

مزاحمت کا مطلب ایک ہی راستے پر مسلسل چلتے رہنا نہیں، بلکہ بدلتے حالات میں نئے راستے تلاش کرتے ہوئے اپنے بنیادی مقصد پر ثابت قدم رہنا ہے۔ تحریکیں صرف سڑکوں پر موجودگی سے زندہ نہیں رہتیں؛ انہیں زندہ رکھنے کے لیے عوامی حمایت، سیاسی بصیرت اور جدوجہد کا تسلسل ضروری ہوتا ہے۔

ریاست کے پاس طاقت ہوتی ہے، مگر طاقت کا نشہ آندھی کی طرح ہوتا ہے جو اپنے راستے میں آنے والی ہر آواز کو خاموش کر دینے کے گمان میں مبتلا رہتا ہے۔ دیرپا اور پائیدار امن کبھی بندوق کے زور پر قائم نہیں کیا جا سکتا، لیکن تمام تر تلخ تجربات کے باوجود ریاست کے فیصلہ ساز یہ حقیقت سمجھنے کو تیار نہیں۔ ریاست نے اپنے کان اور دماغ بند کر رکھے ہیں اور وہ کچھ بھی سننے کو تیار نھیں  ہے۔

اصل میں بسا اوقات اس ریاست کا "چوہدری نظام دین" پائیدار امن کا طالب ھی نہیں ہوتا، بلکہ وہ صرف ایک سائیں سائیں کرتی خاموشی چاہتا ہے۔ایک ایسی خاموشی جو قبرستان کا مقدر ہوتی ہے۔ اور بدقسمتی سے، آج کا "چوھدری نظام دین" بھی بس یہی سکوتِ مرگ چاہتا ہے۔ اور خطے میں موجود اس کے نمائندے تو بس اس ڈاکٹرائین کو عملی جامہ ڀنھا رھے ھیں ۔

لیکن ایک بات سمجھنا بے حد ضروری ہے کہ اس سارے سیاسی عمل اور کشمکش کے دوران سب سے زیادہ پسنے والے عام لوگ ہیں، جن کے پاس اپنی زندگیاں، اپنے گھر بار اور اپنے پیارے ہی تو ہیں۔ ان کی جانوں کو دو اداروں کی باہمی چپقلش، سیاسی ضد، ریاستی انا یا حکمتِ عملی کی غلطیوں کی مزید بھینٹ نہیں چڑھنا چاہیے۔ آخرکار، کسی بھی سیاسی جدوجہد کا مقصد عوام کے حقوق اور بہتر مستقبل کا تحفظ ہوتا ہے، نہ کہ انہیں ایک ایسی کشمکش کی قیمت ادا کرنے پر مجبور کرنا جس کے فیصلے ان کے ہاتھ میں بھی نہیں۔

کسی تحریک کی کامیابی صرف اپنے مطالبات منوانے میں نہیں، اپنے لوگوں کی زندگیاں بچانے میں بھی ہے۔ اور کسی ریاست کی عظمت اپنے شہریوں کو جھکانے میں نہیں، انہیں انصاف، تحفظ اور عزت دینے میں ہے۔

شاید کہ اتر جائے ترے دل میں مری بات!

تبصرے (0)

تبصرہ کریں