مواد پر جائیں

آزاد کشمیر

ہماری آوازیں کشمیر کی وادیوں سے نکل کر دنیا تک پہنچ رہی ہیں! ہماری آوازیں اب صرف کشمیر تک محدود نہیں رہیں۔

مانچسٹر میں فلسطینی طالبہ اور برطانوی مسافر نے کشمیری ڈرائیور سے غیر متوقع یکجہتی کا اظہار کیا۔ کشمیر کی آواز اب دنیا تک کیسے پہنچ رہی ہے؟ جانیے اس پُراثر تحریر میں۔

خلاصہ

مانچسٹر میں فلسطینی طالبہ اور برطانوی مسافر نے کشمیری ڈرائیور سے غیر متوقع یکجہتی کا اظہار کیا۔ کشمیر کی آواز اب دنیا تک کیسے پہنچ رہی ہے؟ جانیے اس پُراثر تحریر میں۔

Summary in English

In Manchester, a Palestinian student and a British passenger expressed unexpected solidarity with a Kashmiri driver. How is Kashmir's voice now reaching the world? Find out in this impactful article.

ہماری آوازیں کشمیر کی وادیوں سے نکل کر دنیا تک پہنچ رہی ہیں! ہماری آوازیں اب صرف کشمیر تک محدود نہیں رہیں۔

دو دن قبل مانچسٹر میں میری ٹیکسی میں تقریباً بیس سالہ ایک یونیورسٹی کی طالبہ سوار ہوئی۔ رسمی ہیلو ہائے کے بعد اس نے بتایا کہ اس کا تعلق فلسطین سے ہے۔

میں نے حسبِ معمول اس سے پوچھا کہ آپ کا تعلق کہاں سے ہے؟ اس نے بتایا کہ فلسطین سے۔ جب میں نے اسے بتایا کہ میرا تعلق کشمیر سے ہے تو اس نے فوراً کہا:

“آج کل وہاں کے حالات بہت خراب ہیں۔”

میں حیران رہ گیا کہ ایک بیس سالہ فلسطینی طالبہ نہ صرف ہمارے ہاں ہونے والے ظلم و ستم سے واقف ہے بلکہ اسے وہاں کے حالات پر شدید تشویش بھی ہے۔ اس نے اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ہمارے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا۔

اس کا نام مریم تھا۔ مریم کے والد کو غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری میں شہید کر دیا گیا تھا۔

میں کچھ دیر خاموش رہا اور سوچتا رہا کہ یہ وقت کا کتنا عجیب اور دردناک موڑ ہے۔ ہماری مساجد میں گزشتہ کئی دہائیوں سے ہر جمعے، ہر عید اور ہر موقع پر فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے دعائیں مانگی جاتی رہی ہیں۔ ہم نے ہمیشہ فلسطینیوں کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھا ہے، ان کے لیے آواز اٹھائی ہے اور ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی کوشش کی ہے۔

اور آج دیکھیے کہ وہی فلسطین کی ایک بیٹی، جس نے خود اپنے والد کو اسرائیلی بمباری میں کھویا ہے، کشمیر کے لوگوں کے لیے پریشان ہے، ہمارے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کر رہی ہے۔

یہ لمحہ میرے لیے بہت جذباتی تھا۔ مریم سے گفتگو نے ایک بار پھر یہ احساس دلایا کہ مظلوموں کا درد کسی سرحد، مذہب یا زبان کا محتاج نہیں ہوتا۔

اور گزشتہ رات گریٹر مانچسٹر کے قصبے چورلی سے تعلق رکھنے والے تقریباً ساٹھ، ستر سالہ ایک بزرگ انگریز میری ٹیکسی میں سوار ہوئے۔ رسمی سلام دعا کے بعد انہوں نے مجھ سے پوچھا:

“Where are you from?”

میں نے جواب دیا: کشمیر!

میرا جواب سنتے ہی ان کے چہرے کے تاثرات بدل گئے۔ انہوں نے فوراً کہا کہ وہ کشمیر میں ہونے والے حالات سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہاں کے لوگوں کے لیے انتہائی پریشان ہیں۔

رسمی سلام دعا کے بعد انہوں نے مجھ سے پوچھا: "Where are you from?" میں نے جواب دیا: کشمیر!

ابتدا میں مجھے لگا کہ شاید وہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کی بات کر رہے ہیں۔ میں نے مزید جاننے کے لیے پوچھا کہ کیا آپ کو معلوم ہے کہ وہاں کیا ہو رہا ہے؟

لیکن ان کا جواب میرے لیے حیران کن تھا۔ وہ آزاد کشمیر میں جاری عوامی حقوق کی تحریک، اس دوران شہید ہونے والے لوگوں اور حتیٰ کہ 5 اور 6 جون کو ہونے والے کریک ڈاؤن اور شہادتوں تک سے واقف تھے۔

میں نے حیرت سے پوچھا کہ آپ کو ان حالات کے بارے میں اتنی تفصیلی معلومات کیسے حاصل ہوئیں؟

انہوں نے بتایا کہ ان کا بیٹا جوزف براڈکاسٹ جرنلسٹ ہے، جو کشمیر کے حالات سے باخبر رہتا ہے اور اس موضوع پر ان کی اپنے بیٹے سے گفتگو بھی ہوتی رہتی ہے۔

اس بزرگ نے میرے ذریعے اپنے خاندان، والدین، بیوی بچوں اور وہاں جدوجہد کرنے والے تمام لوگوں کو نیک خواہشات پہنچانے کا پیغام دیا۔ ان کا کہنا تھا:

“انہیں بتائیے گا کہ وہ اکیلے نہیں ہیں۔ آپ کی آوازیں ہم تک پہنچ رہی ہیں اور یہ آوازیں پوری دنیا تک پہنچیں گی۔ ظلم کے خلاف، امن اور اپنے بنیادی حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیے گا۔”

یہ الفاظ سن کر میری آنکھیں نم ہو گئیں۔

اس کے بعد میں نے ان کے بیٹے جوزف کے بارے میں مزید معلومات حاصل کیں۔ ہمارے درمیان رابطوں کا تبادلہ ہوا اور یہ طے پایا کہ جوزف جب اپنے کام سے گھر واپس آئے گا تو ہماری ملاقات کا اہتمام کیا جائے گا۔ ہم اس ملاقات میں ریاست جموں و کشمیر کے پاکستانی زیرِ انتظام حصے میں جاری عوامی حقوق کی تحریک سے متعلق مکمل دستاویزات اور شواہد جوزف کے ساتھ شیئر کریں گے اور ان سے درخواست کریں گے کہ وہ اس پر ایک صحافتی اسٹوری کریں۔

میں سوچتا ہوں کہ راولاکوٹ میں بیٹھے ہمارے لوگوں کو شاید یہ محسوس ہوتا ہو کہ ہماری آوازیں ان وادیوں اور پہاڑوں تک ہی محدود رہ گئی ہیں۔ شاید انہیں لگتا ہو کہ جو کچھ ہمارے ساتھ ہو رہا ہے، اس کی خبر دنیا کو نہیں۔ لیکن ایسا بالکل نہیں ہے۔

دو دن پہلے مانچسٹر میں ایک فلسطینی بیٹی ہمارے لیے فکر مند تھی، اور گزشتہ رات چورلی کا ایک انگریز بزرگ ہمارے شہداء کے نام اور ہمارے حالات جانتا تھا۔ یہ لوگ نہ ہماری زبان بولتے ہیں، نہ ہماری زمین سے ان کا کوئی تعلق ہے، لیکن انہیں ہمارے دکھ کا احساس ہے۔

راولاکوٹ والو! آپ کی آوازیں سنی جا رہی ہیں۔ دنیا میں ایسے لوگ موجود ہیں جو آپ کے دکھ کو محسوس کرتے ہیں، آپ کے لیے فکرمند ہیں اور آپ کی جدوجہد کو سمجھ رہے ہیں۔

تبصرے (0)

تبصرہ کریں