مواد پر جائیں

160 دن کی عوامی مزاحمت، 32 ارب روپے کا فرضی تخمینہ اور حکمرانوں کی ترجیحات — عوام کے حقوق یا طاقت کے انتظامات؟

آزاد کشمیر میں 160 روزہ عوامی مزاحمت نے حکومتی ترجیحات پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ کیا سکیورٹی پر متوقع 32 ارب روپے خرچ کرنے کے بجائے انہیں تعلیم اور صحت پر لگانا ممکن تھا؟ مزید جانیے۔

خلاصہ

آزاد کشمیر میں 160 روزہ عوامی مزاحمت نے حکومتی ترجیحات پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ کیا سکیورٹی پر متوقع 32 ارب روپے خرچ کرنے کے بجائے انہیں تعلیم اور صحت پر لگانا ممکن تھا؟ مزید جانیے۔

Summary in English

The 160-day public resistance in Azad Kashmir has raised serious questions about government priorities. Was it possible to allocate the projected 32 billion rupees to education and healthcare instead of spending it on security? Find out more.

160 دن کی عوامی مزاحمت، 32 ارب روپے کا فرضی تخمینہ اور حکمرانوں کی ترجیحات — عوام کے حقوق یا طاقت کے انتظامات؟

پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر میں جاری عوامی حقوق کی مزاحمت کو (پانچ جون رات گئے سے گیارہ نومبر تک ) 160 دن مکمل ہو چکے ہیں۔ یہ محض چند مطالبات یا وقتی احتجاج کی تحریک نہیں بلکہ ریاست کے عوام کے سیاسی، معاشی، سماجی اور بنیادی حقوق سے جڑے ان دیرینہ مسائل کی عکاسی کرتی ہے جن کے حل کے لیے عوام گزشتہ ساڑھے تین سال کے ایک طویل عرصے سے آواز اٹھاتے آ رہے ہیں۔ جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے 38 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ نے ان مسائل کو ایک واضح عوامی ایجنڈے کی شکل دی، جس میں سستی بجلی، آٹے کی فراہمی، صحت و تعلیم کی بہتر سہولیات، نوجوانوں کے لیے روزگار، بلاسود قرضے، قدرتی وسائل پر عوامی اختیار، حکومتی مراعات میں کمی، مقامی حکومتوں کے اختیارات اور دیگر بنیادی مطالبات شامل ہیں۔

اس طویل عوامی مزاحمت کے تناظر میں ایک اہم سوال ریاستی وسائل کے استعمال اور حکومتی ترجیحات سے متعلق بھی ہے۔ ذرا ایک فرضی حساب لگائیے اور سوچیے کہ اگر عوامی مطالبات کے جواب میں کیے جانے والے طویل سکیورٹی انتظامات پر اٹھنے والے ممکنہ اخراجات کو عوامی فلاح و بہبود کے تناظر میں دیکھا جائے تو تصویر کتنی مختلف ہو سکتی ہے۔

اگر یہ فرض کر لیا جائے کہ ان 160 دنوں کے دوران ریاست میں 20 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے اور فی اہلکار روزانہ اوسطاً 10 ہزار روپے اخراجات آتے ہیں تو مجموعی مالی لاگت کا تخمینہ 32 ارب روپے بنتا ہے۔ اس فرضی یومیہ لاگت میں خوراک، ایندھن، رہائش، نقل و حمل، گاڑیوں کی دیکھ بھال اور مرمت، طبی سہولیات، حفاظتی سامان، اسلحے اور گولہ بارود سے متعلق اخراجات، آنسو گیس کے شیل اور اضافی ڈیوٹی الاؤنس جیسی مدات کو شامل تصور کیا گیا ہے۔

اس حساب کو مزید واضح کیا جائے تو 20 ہزار اہلکاروں پر فی کس 10 ہزار روپے روزانہ کے حساب سے مجموعی یومیہ رقم 20 کروڑ روپے بنتی ہے۔ 30 دن کے اخراجات 6 ارب روپے اور 160 دن کے مجموعی اخراجات 32 ارب روپے تک پہنچ جاتے ہیں۔

یہاں ایک وضاحت ضروری ہے کہ 20 ہزار اہلکاروں کی تعداد اور فی اہلکار روزانہ 10 ہزار روپے کے اخراجات دونوں کو صرف حسابی مفروضے کے طور پر لیا گیا ہے۔ یہ نہ تعینات اہلکاروں کی اصل تعداد کا دعویٰ ہے، نہ ہی 32 ارب روپے کے حقیقی سرکاری اخراجات کا مصدقہ بیان۔ اس کے لیے سرکاری ریکارڈ، متعلقہ محکموں کے بجٹ اور مالیاتی آڈٹ کی ضرورت ہوگی۔ تاہم یہ فرضی حساب ریاستی وسائل کے ممکنہ استعمال اور حکومتی ترجیحات پر غور کرنے کے لیے ایک اہم نقطۂ آغاز ضرور فراہم کرتا ہے۔

اب سوال یہ ہے کہ اگر اسی فرضی 32 ارب روپے کو عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کی منصوبہ بندی کی جاتی تو ریاست کے عوام کو کیا کچھ فراہم کیا جا سکتا تھا؟

ریاست کے سرکاری ہسپتالوں میں ایم آر آئی مشینیں، سی ٹی اسکین، جدید تشخیصی آلات، طبی سہولیات اور ضروری طبی عملہ فراہم کرنے کی جانب بڑی پیش رفت ممکن تھی۔ دور دراز علاقوں میں بنیادی مراکز صحت کو فعال بنایا جا سکتا تھا تاکہ کسی مریض کو معمولی علاج کے لیے بھی بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ زچہ و بچہ کی صحت، ایمرجنسی سروسز اور دیہی علاقوں میں طبی سہولیات کی بہتری کے لیے جامع منصوبے شروع کیے جا سکتے تھے۔

تعلیم کے شعبے میں سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی عمارتوں کی تعمیر و مرمت، جدید سائنس اور کمپیوٹر لیبارٹریوں کا قیام، اساتذہ کی کمی پوری کرنے اور فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے اداروں کو مضبوط بنانے کے اقدامات کیے جا سکتے تھے۔ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، ہنرمندی کی تربیت اور بلاسود قرضوں کے ذریعے چھوٹے کاروبار شروع کرنے کی راہیں کھولی جا سکتی تھیں۔

ریاست کی معاشی خودمختاری کے لیے کشمیر بینک کو شیڈول بینک کا درجہ دلانے کی کوششوں کو مالی اور انتظامی تقویت دی جا سکتی تھی۔ میرپور ایئرپورٹ جیسے دیرینہ عوامی منصوبے پر عملی پیش رفت کے لیے وسائل مختص کیے جا سکتے تھے۔ مقامی صنعت، سیاحت، زراعت، پن بجلی اور چھوٹے کاروباروں کو فروغ دے کر ریاست کے اندر معاشی سرگرمیوں کو وسعت دی جا سکتی تھی۔

ریاست کے قدرتی آبی وسائل سے پیدا ہونے والی بجلی کے حوالے سے عوامی حقوق کا تحفظ، سستی بجلی کی فراہمی اور مقامی آبادی کو اس کے وسائل سے حقیقی معاشی فائدہ پہنچانے کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کیے جا سکتے تھے۔ اسی طرح بنیادی اشیائے ضروریہ، بالخصوص آٹے کی فراہمی، صحت اور تعلیم کے اخراجات میں کمی اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے سماجی تحفظ کے منصوبوں پر کام کیا جا سکتا تھا۔

یہی وہ بنیادی نوعیت کے مسائل ہیں جنہیں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے 38 نکاتی چارٹر میں عوام کے سامنے رکھا ہے۔ ان مطالبات کو محض احتجاجی نعرے سمجھنا دراصل ان مسائل کی سنگینی سے صرفِ نظر کرنے کے مترادف ہے۔ یہ مطالبات کسی ایک سیاسی جماعت، گروہ یا شخصیت کے اقتدار کے حصول کے لیے نہیں بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی میں بنیادی تبدیلی اور ریاستی وسائل میں منصفانہ حصے سے متعلق ہیں۔

لیکن سوال صرف یہ نہیں کہ اگر یہ اربوں روپے عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جاتے تو ریاست کے عوام کو کیا کچھ مل سکتا تھا، بلکہ یہ بھی ہے کہ ان بھاری اخراجات کے باوجود عملی طور پر ہوا کیا؟ یہ وسائل آخر کن مقاصد کے لیے استعمال ہوئے اور ان کا انسانی نتیجہ کیا نکلا؟ عوامی حقوق کا مطالبہ کرنے والے اس خطے کے مستقبل، یعنی سو سے زائد نوجوانوں کی جانیں چلی گئیں۔ ان میں بڑی تعداد یونیورسٹی کے طلبہ، پی ایچ ڈی اسکالرز، ڈاکٹرز، وکلا اور دیگر تعلیم یافتہ نوجوانوں کی تھی، جبکہ معصوم بچے بھی اس تشدد کی زد میں آئے۔ شہریوں کے خلاف جنگی نوعیت کے ہتھیاروں کے استعمال، فائرنگ اور دیگر کارروائیوں کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں اور زخمیوں کے واقعات نے متعدد خاندانوں کو ناقابلِ تلافی صدمے سے دوچار کیا۔ سینکڑوں زخمیوں کے بارے میں یہ اطلاعات اور خدشات بھی سامنے آئے کہ بعض افراد مناسب طبی سہولیات سے محروم ہیں اور گرفتاری یا مزید کارروائیوں کے خوف سے روپوش زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اپنے بنیادی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والوں کی گرفتاریوں، مبینہ اغوا، جبری گمشدگیوں اور انہیں خاموش کرانے کے الزامات نے صورتِ حال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔

یہ مطالبات کسی ایک سیاسی جماعت، گروہ یا شخصیت کے اقتدار کے حصول کے لیے نہیں بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی میں بنیادی تبدیلی اور ریاستی وسائل میں منصفانہ حصے سے متعلق ہیں۔

اس انسانی المیے کو صرف اعدادوشمار میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ان ہلاکتوں کے پیچھے اجڑتی ماؤں کی گودیں، اپنے بھائیوں سے محروم ہوتی بہنیں، سہاروں سے محروم ہوتے خاندان، یتیم ہوتے معصوم بچے اور بیوہ ہوتی خواتین ہیں۔ ہر جان کے ضیاع کے ساتھ ایک خاندان کا مستقبل متاثر ہوا، کئی خواب ادھورے رہ گئے اور کئی گھروں کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔ اگر ان سکیورٹی انتظامات پر واقعی اتنے بڑے وسائل صرف ہوئے تو یہ سوال مزید اہم ہو جاتا ہے کہ کیا ان وسائل کا نتیجہ عوامی تحفظ، امن اور اعتماد کی بحالی کی صورت میں سامنے آیا یا ریاست اور عوام کے درمیان خلیج مزید گہری ہوئی؟

یہاں اسمبلی میں موجود 53 ارکان اور حکومت کی ذمہ داری بھی زیرِ بحث آتی ہے۔ عوامی نمائندوں کا بنیادی فریضہ عوام کے مسائل کی نشاندہی، ان کے حل کے لیے قانون سازی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور حکومتی اداروں کی جواب دہی کو یقینی بنانا ہے۔ اگر عوام اپنے بنیادی حقوق کے لیے مہینوں سڑکوں پر رہنے پر مجبور ہوں اور ان کے مطالبات کے جواب میں سیاسی مذاکرات اور عملی اقدامات کے بجائے طویل سکیورٹی انتظامات سامنے آئیں تو منتخب نمائندوں کی کارکردگی اور حکومتی ترجیحات پر سوال اٹھنا فطری ہے۔

اس پالیسی کے اثرات صرف ممکنہ مالی اخراجات تک محدود نہیں رہے۔ طویل کشیدگی سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں، مقامی معیشت دباؤ کا شکار ہوئی ہے، تعلیمی سرگرمیوں میں خلل پڑا ہے اور عوام کے اندر غیر یقینی کی کیفیت پیدا ہوئی ہے۔ ریاستی اداروں اور شہریوں کے درمیان اعتماد کا رشتہ کمزور ہوا ہے۔ اس کے ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے سنگین الزامات اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق خدشات بھی سامنے آۓ ہیں، جن کی غیر جانب دارانہ تحقیقات اور شفاف جواب دہی ضروری ہے۔

اس صورتِ حال میں ایک اور بنیادی سوال یہ ہے کہ  اتنے بڑے پیمانے پر سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کی گئی تو اس کے اخراجات کس ادارے نے برداشت کیے؟ کیا یہ مالی بوجھ پاکستان کے وفاقی بجٹ پر پڑا، متعلقہ سکیورٹی اداروں نے اپنے وسائل سے ادا کیا یا پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر کے بجٹ سے کوئی رقم مختص کی گئی؟ اگر دونوں میں۔سے کسی بھی ریاستی خزانے سے اخراجات کیے گئے تو ان کی تفصیلات عوام کے سامنے آنی چاہییں۔ اصل نفری، تعیناتی کی مدت، یومیہ اخراجات، نقل و حمل، لاجسٹکس، اضافی ڈیوٹی اور دیگر مالیاتی مدات کی تفصیلات شائع کی جانی چاہییں تاکہ پاکستان اور پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر کےعوام کو معلوم ہو سکے کہ ان کے نام پر قائم ریاستی نظام کے وسائل کہاں اور کس مقصد کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔

دونوں حکومتوں کو یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ عوامی تحریکوں کے بنیادی مسائل کو محض انتظامی یا سکیورٹی مسئلہ قرار دے کر حل نہیں کیا جا سکتا۔ عوام کے سیاسی، معاشی اور بنیادی حقوق کے مطالبات کا جواب طاقت کے استعمال سے نہیں بلکہ سنجیدہ مذاکرات، شفاف حکمرانی، انصاف اور عوامی اعتماد کی بحالی سے دیا جاتا ہے۔ 4 اکتوبر 2025ء کو تسلیم کیے گئے معاہدے اور عوامی چارٹر پر عمل درآمد کے لیے واضح وقت مقرر کرنا اور اس پر پیش رفت عوام کے سامنے رکھنا ناگزیر ہے۔

جموں کشمیر کے عوام کو یہ سوال پوچھنے کا پورا حق حاصل ہے کہ جب ان کے ہسپتالوں میں جدید مشینری کی کمی ہے، تعلیمی ادارے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، نوجوان روزگار کے لیے پریشان ہیں، بجلی اور آٹے کے مسائل موجود ہیں اور قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد کی منصفانہ تقسیم کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تو حکومتی ترجیحات میں عوامی فلاح کو اولین حیثیت کیوں حاصل نہیں؟

160 دن کی عوامی مزاحمت، 20 ہزار اہلکاروں کی (فرضی) تعداد، فی اہلکار 10 ہزار روپے روزانہ کا (فرضی) خرچ اور 32 ارب روپے کا حساب ایک سوال ضرور اٹھاتا ہے کہ  ریاستی وسائل کا بہترین استعمال کیا ہے؟ عوام کے مسائل حل کرنا یا عوامی احتجاج کے مقابل طویل سکیورٹی انتظامات برقرار رکھنا؟

یہ بحث کسی ایک فرضی عدد کو حقیقت ثابت کرنے کے لیے نہیں بلکہ حکمرانوں کو ریاستی ترجیحات پر نظرثانی کی طرف متوجہ کرنے کے لیے ہے۔ اگر 32 ارب روپے کا یہ فرضی تخمینہ حقیقت میں کم یا زیادہ ثابت ہوتا ہے تو بھی اصل سوال اپنی جگہ برقرار رہے گا کہ ریاست کے محدود وسائل کو عوام کی زندگی بہتر بنانے کے لیے کس حد تک استعمال کیا جا رہا ہے۔

حکمرانوں کو اب ضد، انا اور طاقت کے بجائے سیاسی تدبر، مذاکرات اور انصاف کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ عوامی مطالبات کو تسلیم کرکے معاہدوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔ کیونکہ کسی بھی ریاست کی مضبوطی اس کے سکیورٹی انتظامات کی وسعت سے نہیں بلکہ عوام کے اعتماد، معاشی خوشحالی، بنیادی حقوق کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی سے متعین ہوتی ہے۔

ریاست کا خزانہ عوام کی امانت ہے؛ اسے عوام کی زندگی بہتر بنانے پر خرچ ہونا چاہیے، عوام کے بنیادی حقوق کے مطالبات کو غیر معینہ مدت تک دبانے کے انتظامات پر نہیں۔

وضاحتی نوٹ: اس مضمون میں پیش کیا گیا 32 ارب روپے کا تخمینی حساب انسانی حقوق کے ماہر قانون دان یاسر شفاعت کی جانب سے کی گئی ایک اندازاً کیلکولیشن پر مبنی ہے۔ اس حساب میں مختلف مفروضوں کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ اس تخمینے اور کیلکولیشن کا کریڈٹ یاسر شفاعت کو جاتا ہے۔ یہ کوئی مصدقہ سرکاری مالیاتی اعدادوشمار نہیں بلکہ ممکنہ اخراجات کا ایک تخمینی حساب ہے۔

تبصرے (0)

تبصرہ کریں