کبھی کبھی کسی تقریب میں کی جانے والی تقریریں اپنے الفاظ سے زیادہ اپنے وقت اور حالات کی وجہ سے معنی خیز ہو جاتی ہیں اسلام آباد کے کشمیر ہاؤس میں کرنل خان محمد خان اور کیپٹن حسین خان کی برسی کے موقع پر ہونے والی تقریب بھی کچھ ایسے ہی سوالات چھوڑ گئی۔ اس تقریب میں صدر ریاست ڈاکٹر نجیب نقی، وزیراعظم پاکستانی مقبوضہ جموں و کشمیر افتخار گیلانی، سپیکر قانون ساز اسمبلی، سابق صدر سردار مسعود خان، ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔ تقاریر ہوئیں، ترقی کے دعوے کیے گئے تعلیم کی اہمیت بیان کی گئی، لیکن ان سب کے درمیان راولاکوٹ کے حالات ایک ایسا سوال بن کر کھڑے رہے جسے محض چند جملوں سے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے
صدر ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا کہ راولاکوٹ کا معاملہ پرامن طریقے سے حل ہو گا اور مقامی سطح پر بات چیت جاری ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ حکومت نے حالیہ بجٹ میں جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات سے بھی زیادہ منصوبے رکھے ہیں۔ بلاشبہ بات چیت مسائل کے حل کا ایک اہم راستہ ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ ساڑھے پانچ ماہ سے جاری بحران کے دوران بات چیت کے نتیجے میں عملی طور پر کیا تبدیلی آئی؟ کیا سڑکیں کھل گئی؟ کیا گرفتار افراد رہا ہو گئے ؟ کیا فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے لوگوں کے نام خارج کر دیے گئے؟ کیا مقدمات ختم ہوئے؟ کیا شہریوں کی نقل و حرکت بحال ہوئی؟ کیا خوف اور بے یقینی کی فضا ختم ہو گئی؟ کٹھ پُتلی وزیراعظم افتخار گیلانی نے اپنی گفتگو میں پونچھ کی تعلیمی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پونچھ تعلیم میں سب سے آگے ہے، لیکن آج راستے بند ہیں، تعلیمی ادارے بند ہیں اور لوگ ہسپتالوں تک نہیں جا سکتے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ راستے کس نے بند کیے ہیں اور انہیں کھلوانے کے لیے مقامی لوگوں کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک طرف سے فائرنگ ہوتی ہے تو دوسری طرف سے جواب میں فائرنگ کون کرتا ہے ؟ ان کا کہنا تھا کہ راولاکوٹ میں بیٹھے 99 فیصد لوگ ہمارے اپنے ہیں وزیراعظم کی گفتگو ختم ہوئی تو سامعین میں سے ایک شخص اٹھا اور اس نے وہ بات کہہ دی جس کا جواب شاید وزیراعظم کو خود دینا چاہیے تھا۔ اس نے نشاندہی کی کہ آزاد پتن اور ڈھلکوٹ پل پر رینجرز نے کشمیر جانے والے راستے بند کر رکھے ہیں۔ ایک عام شہری ان راستوں کو کھلوانے کی ہمت نہیں رکھتا ہے اس کے لیے حکومت کو ہی کردار ادا کرنا ہو گا۔
یہ ایک عام آدمی کا سوال نہیں تھا، یہ حکومت کے اختیار اور ذمہ داری کے درمیان کھڑا ایک بنیادی سوال تھا۔ اگر راستے بند کرنے کا اختیار ریاستی اداروں کے پاس ہے تو انہیں کھلوانے کی ذمہ داری بھی حکومت ہی پر عائد ہوتی ہے۔ عوام سے راستے کھلوانے کا مطالبہ کرنے سے پہلے یہ بتانا ضروری ہے کہ حکومت خود ان راستوں کو کھلوانے کے لیے کیا اقدامات کر رہی ہے؟
سپیکر قانون ساز اسمبلی نے کشمیر کو پاکستان کے ترقی یافتہ علاقوں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مقبوضہ کشمیر کا وزیراعظم فیصل آباد کا گھنٹہ گھر ہوتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ شاید یہ جملہ اب میم بن جائے گا۔
لیکن سوال یہ ہے کہ ترقی کے دعوے صرف تقریروں اور جملوں سے ثابت ہوتے ہیں یا عوام کی زندگیوں میں ان کے اثرات بھی نظر آنے چاہئیں؟ اگر ایک خطے کے تعلیمی ادارے بند ہوں، ہسپتالوں تک رسائی مشکل ہو، کاروبار متاثر ہوں، شہری خوف میں زندگی گذار رہے ہوں اور لوگوں کی بنیادی آزادیاں سوالیہ نشان بن جائیں تو ترقی کے دعووں کا جائزہ کس پیمانے پر لیا جائے گا ؟ سدھن ایجوکیشن کانفرنس کے صدر سردار شاہ زیب شبیر نے دعویٰ کیا کہ گذشتہ دس برسوں میں ان کی تنظیم نے ڈیڑھ کروڑ روپے کے تعلیمی وظائف فراہم کیے ہیں۔ یہ ایک قابل ذکر دعویٰ ہے اور تعلیم کے شعبے میں ایسی سرگرمیوں کی اپنی اہمیت ہے، لیکن اسی پونچھ کی سرزمین پر آج تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کے سامنے جو سوالات ہیں، ان کا جواب بھی ضروری ہے۔ کیا کسی خطے کی ترقی کا معیار صرف سکالرشپس ہیں یا اس میں امن، روزگار، بنیادی حقوق، تعلیمی اداروں تک رسائی اور شہری آزادیوں کو بھی شامل کیا جائے گا ؟
تقریب میں ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کشمیر میں تعمیر و ترقی کے حوالے سے سوالات اٹھائے۔ راولاکوٹ کی صورت حال پر صدر اور وزیراعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست آپ ہیں اور آپ کو ہی بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔ سابق صدر سردار مسعود خان نے بھی راولاکوٹ کے حالات پر تفصیلی گفتگو کی ہے
کیا ترقیاتی منصوبے انسانی جانوں کا متبادل ہو سکتے ہیں؟
یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ جب صدر ، وزیراعظم، سابق صدر، سپیکر اسمبلی اور دیگر اہم شخصیات ایک ہی جگہ موجود ہوں تو پھر راولاکوٹ کے عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے مزید کس فورم کا انتظار کرنا چاہیے ؟
راولاکوٹ کا معاملہ محض چند سڑکوں کی بندش، چند مطالبات یا انتظامی اختلافات کا نام نہیں رہا۔ یہ ایک ایسا بحران بن چکا ہے جس نے ہزاروں خاندانوں کی زندگیوں، روزگار، تعلیم، کاروبار اور شہری آزادیوں کو متاثر کیا ہے۔
جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک کے دوران ہونے والی 115 شہادتوں کا سوال اپنی جگہ موجود ہے۔ ہزاروں افراد کی گرفتاریوں اور مبینہ گمشدگیوں کے معاملات ہیں۔ سینکڑوں زخمیوں کا دکھ ہے۔ ساڑھے پانچ ماہ تک جاری رہنے والے احتجاجی دھرنے ہیں۔ فورسز کی تعیناتی، کرفیو اور نقل و حرکت کی پابندیاں ہیں۔ کاروباری مراکز کی بندش سے متاثر ہونے والے ہزاروں خاندان ہیں۔ فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے صحافی اور دیگر شہری ہیں۔ دہشت گردی کے الزامات کے تحت درج مقدمات ہیں۔ ان مقدمات اور الزامات کے باعث متاثر ہونے والے نوجوانوں اور خاندانوں کی زندگیاں ہیں۔
ان تمام معاملات کا حساب کون دے گا ؟
کیا صرف یہ کہہ دینا کافی ہے کہ حکومت نے بجٹ میں زیادہ منصوبے رکھے ہیں؟ کیا ترقیاتی منصوبے انسانی جانوں کا متبادل ہو سکتے ہیں؟ کیا سڑکیں بنانے کے اعلانات ان خاندانوں کے زخم بھر سکتے ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا؟ کیا سکالرشپس ان نوجوانوں کے مستقبل کی ضمانت بن سکتی ہیں جنہیں اپنے سیاسی اور شہری مؤقف کی وجہ سے مقدمات، گرفتاریوں اور فورتھ شیڈول کا سامنا ہے؟
اگر حکومت سمجھتی ہے کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات میں سے بیشتر مطالبات پورے کیے جا چکے ہیں تو پھر ان پر عمل درآمد کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھی جائیں۔ اگر راستے عوام نے بند کیے ہیں تو اس کے شواہد سامنے لائے جائیں، اور اگر ریاستی اداروں کی طرف سے راستوں کی بندش ہے تو حکومت اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے انہیں کھلوائے۔ اگر کسی شہری کے خلاف دہشت گردی یا کسی دوسرے سنگین جرم کا مقدمہ درج ہے تو اس کا فیصلہ عدالت میں شفاف قانونی کارروائی کے ذریعے ہونا چاہیے، نہ کہ کسی شہری کو محض اختلافی آواز بلند کرنے پر اجتماعی سزا کا سامنا کرنا پڑے۔
فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے افراد کے حوالے سے بھی حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ ان کے خلاف کیا ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ جن افراد کو غلط طور پر اس فہرست میں شامل کیا گیا ہو، ان کے نام خارج کیے جائیں اور شہریوں کے قانونی حقوق بحال کیے جائیں۔ اسی طرح اگر کسی مقدمے کو عدالت نے کالعدم قرار دیا ہے تو اس کے بعد بھی کسی شہری کو غیر ضروری پابندیوں میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہونا چاہیے کرنل خان محمد خان اور کیپٹن حسین خان کی برسی منانے کا مقصد یقیناً تاریخ کی ان شخصیات کو یاد کرنا ہے جنہوں نے اپنی زندگی ریاست اور عوام کے لیے وقف کی۔ لیکن تاریخ کی ان شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنے کا اصل تقاضا یہ بھی ہے کہ ان کے نام سے منسوب ریاست میں بسنے والے لوگوں کے حقوق، عزت، جان اور آزادی کا تحفظ یقینی بنایا جائے آج راولاکوٹ کو تقریروں کی نہیں، عملی فیصلوں کی ضرورت ہے۔ عوام کو مزید وعدوں کی نہیں، اپنے سوالوں کے جواب چاہئیں۔ انہیں یہ جاننے کا حق ہے کہ ان کے پیاروں کی جانیں کیوں گئیں، ان کے نوجوان گرفتار کیوں ہوئے، شہریوں کو فورتھ شیڈول میں کیوں ڈالا گیا، کاروبار کیوں بند ہوئے، راستے کس کے حکم پر بند ہوئے اور ان پابندیوں کا خاتمہ کب ہو گا؟ صدر نجیب نقی اور وزیراعظم اگر واقعی راولاکوٹ کے 99 فیصد لوگوں کو اپنا کہتے ہیں تو پھر ان لوگوں کے دکھ بھی اپنے سمجھیں۔ ان کے گھروں تک پہنچیں، متاثرہ خاندانوں سے ملیں، زخمیوں اور گرفتار افراد کے اہل خانہ کی بات سنیں اور ان تمام واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا راستہ اختیار کریں۔
ریاست صرف حکومتی عہدوں، اسمبلیوں، دفاتر، بجٹ اور ترقیاتی منصوبوں کا نام نہیں ہوتی۔ ریاست اپنے لوگوں سے بنتی ہے۔ جب لوگ ہی خوف، بے یقینی اور محرومی کا شکار ہوں تو ترقی کے دعوے ادھورے رہ جاتے ہیں راولاکوٹ آج بھی جواب مانگ رہا ہے۔
115 شہادتوں کا حساب کون دے گا ؟ ہزاروں گرفتاریوں اور گمشدگیوں کا جواب کون دے گا؟ سینکڑوں زخمیوں کے زخموں کا مداوا کون کرے گا ؟ کاروبار کی تباہی، تعلیمی اداروں کی بندش، راستوں کی ناکہ بندی، فورتھ شیڈول، مقدمات اور دہشت گردی کے الزامات کی ذمہ داری کون قبول کرے گا ؟
یہ سوال کسی ایک سیاسی جماعت، حکومت یا ادارے کے خلاف محض سیاسی نعرہ نہیں، بلکہ عوامی زندگی، انسانی حقوق اور ریاستی جواب دہی کا بنیادی سوال ہے۔
راولاکوٹ کو تقریروں سے نہیں، انصاف، جواب دہی، آزادی اور عملی اقدامات سے معمول پر لایا جا سکتا ہے ۔

تبصرے (0)