پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر میں گزشتہ ساڑھے تین سال سے زائد عرصے سے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے ایک پرامن عوامی حقوق کی جدوجہد جاری ہے۔ یہ دنیا کی پرامن ترین تحریکوں میں سے ایک، شاید واحد تحریک ہے، جس کے شرکا کی جانب سے ایک گملہ تک توڑنے یا کسی املاک کو نقصان پہنچانے کی اطلاع نہیں، جبکہ دوسری جانب پاکستانی فورسز کی طرف سے نہتے شہریوں پر جنگی اسلحہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس خطے کے بے سہارا، بے گھر، کھلے آسمان تلے پڑے عوام، خواہ بزرگ ہوں، جوان، بچے، مرد یا خواتین، اس تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں۔
اب اس پرامن تحریک کو ختم کرنے، لوگوں کو اٹھانے اور ان کے خلاف کارروائی کے لیے ’’آپریشن‘‘ کا بیانیہ بنایا جا رہا ہے۔ پاکستانی فورسز، حکومتِ پاکستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت کو مہرہ بنا کر، مبینہ طور پر دباؤ اور گن پوائنٹ پر قراردادیں منظور کروا کر، عوام کے خلاف کھلی جارحیت کی تیاری کر رہے ہیں۔
اگر پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر کے پرامن عوام کے خلاف کوئی فوجی کارروائی کی گئی تو اسے کسی صورت آپریشن نہیں کہا جا سکتا۔
ریاست جموں کشمیر کا ہر انچ اور ہر اکائی بین الاقوامی سطح پر حل طلب ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق یہ ایک متنازع اور حل طلب مسئلہ ہے۔
آپریشن کا عام مفہوم کسی خرابی کو درست کرنا ہے۔ کیا ریاست جموں کشمیر کے شہری کوئی غلط کام کر رہے ہیں کہ انہیں درست کرنے کے لیے آپریشن کیا جائے؟ عسکری اصطلاح میں آپریشن بڑے فوجی مقاصد کے حصول کے لیے کی جانے والی کارروائی ہے، جو عموماً دشمن کے خلاف ہوتی ہے۔ کیا پاکستانی فورسز ریاست جموں کشمیر کے عوام کو اپنا دشمن تصور کر چکی ہیں؟
اگر پاکستان کے زیرِ انتظام ریاست جموں کشمیر کے پرامن عوام کے خلاف کوئی فوجی کارروائی کی گئی تو اسے کسی صورت آپریشن نہیں کہا جا سکتا۔ یہ جارحیت ہوگی، حملہ ہوگا، بیرونی حملہ ہوگا اور نسل کشی ہوگی۔ عوام کے بنیادی حقوق دئیے جائیں، نہ کہ انہیں فوجی طاقت سے کچلنے کی کوشش کی جائے۔

تبصرے (0)